(ویب ڈیسک ) بنگلہ دیشی فوج کے پی ایس او کی وفد کے ہمراہ سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے جے ایف-17 تھنڈر فائٹر جیٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بنگلہ دیش کے مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی قیادت میں بنگلہ دیش کے ایک اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی،وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن، پرنسپل اسٹاف آفیسر، آرمڈ فورسز ڈویژن کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایئر چیف نے دونوں فضائی افواج کے مابین عسکری شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں مشترکہ تربیتی مواقع سمیت تعاون کے مختلف شعبوں کو تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان ایئر فورس کے جدید منصوبوں، جدید ترین ٹیکنالوجیز کو سراہا۔ جے ایف-17 تھنڈر فائٹر جیٹس سمیت جدید عسکری مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان عسکری شراکت داری کو مضبوط کرنے کا عزم،تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط تعلقات قائم کرنے کے پر اتفاق کیا گیا۔