ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی عادل رشید اور ریحان احمد تاحال بھارتی ویزوں کے منتظر ہیں، جس کے باعث ان کی روانگی مؤخر ہونے کا امکان ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کرکٹرز کو بھارتی حکام کی جانب سے اجازت ناموں کا انتظار ہے، اسی وجہ سے وہ رواں ہفتے کے اختتام پر انگلینڈ کے دیگر اسکواڈ اراکین کے ساتھ سری لنکا روانہ نہیں ہوں گے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل پہلے مرحلے میں سری لنکا میں وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے، جس کا آغاز 22 جنوری سے ہوگا۔ اس کے بعد ٹیم بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز میں شرکت کرے گی۔ انگلینڈ کا پہلا ورلڈ کپ میچ 8 فروری کو ممبئی میں نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) نے بھارتی ویزوں کے لیے تمام ضروری کارروائی آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوتے ہی مکمل کر لی تھی۔
رپورٹس کے مطابق عادل رشید اور ریحان احمد اس وقت فرنچائز کرکٹ میں مصروف تھے اور انہوں نے بیرونِ ملک رہتے ہوئے ویزوں کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔ عادل رشید آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے سلسلے میں دبئی جبکہ ریحان احمد بگ بیش لیگ کے باعث آسٹریلیا میں موجود تھے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ ریحان احمد کے فی الحال آسٹریلیا میں ہی رہنے کی توقع ہے جبکہ عادل رشید ویزے کی حتمی تصدیق کے منتظر ہیں۔ ای سی بی حکام اس معاملے کے حل کے لیے آئی سی سی، بھارتی کرکٹ بورڈ اور برطانوی و بھارتی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستانی پس منظر رکھنے والے برطانوی کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ 2024 میں شعیب بشیر کو ویزا تاخیر سے جاری ہوا تھا جبکہ ثاقب محمود کو بھی اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔