سوشل میڈیا پر کردار کشی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

سوشل میڈیا پر کردار کشی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
حکومت نے سوشل میڈیا کے ذریعے غیر اخلاقی مواد کی تشہیر، ہراسگی اور کردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمدطاہررائے، قائم مقام چئیرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالدلطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر ہراسگی،غیراخلاقی ویڈیوزاپلوڈ کرنے،بلیک میلنگ اورانکی کردارکشی سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا گیا، سوشل میڈیا کے ذریعےغیراخلاقی مواد کی تشہیر، ہراسگی اورکردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات کی کہ سائبرکرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت اور فوری ایکشن لیا جائے.اجلاس میں سائیبرکرائم بالخصوص ہراسگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اور تشہیر سے متعلق قوانین کو موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، غیراخلاقی ، توہین آمیز مواد کی موجودگی اور اس کی تشہیر سے انارکی اور بگاڑکا اندیشہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن ہو گا اور کارروائی بلا تفریق عمل میں لائی جائیگی۔ اجلاس میں سائیبر کرائم بالخصوص ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا. ورکنگ گروپ سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کیلئے معاملات کاجائزہ لے گا. ورکنگ گروپ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے سے اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کیلئے ایف آئی اے نے رابطہ نمبرز بھی جاری کردئیے ہیں شہری اپنی شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر بھیجیں شکایات پر بلا تاخیر عملدرآمد کرینگے۔ ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سائیبر Space میں ہراسگی، کردار کشی، غیراخلاقی مواد اور بلیک میلنگ سے متعلق شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں، شہری اپنی شکایات ایف آئی اے پورٹل، شکایت نمبر 111345786 یا ایف آئی آئے کے کسی بھی دفتر میں درج کروا سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ اخلاقی اقدار پامال کرنے والوں کیخلاف متعلقہ ادارے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں، شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کریں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔