ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں سزا دیں، خدا کیلئے ملک بچا لیں ، شیخ رشید

sh rasheed about saving country
کیپشن: sh rasheed about saving country
سورس: google

 ویب ڈیسک :سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے۔ یہ ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں، حالات اتنے خراب کر دیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستاں میں کیا حالات ہیں؟ لوگ حکومت پر لعنت بھیجتے ہیں، خدا کے لیے اپنی عزت اور ملک بچائیں، ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچالیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ بھی جرح ہو تو 10 سال ختم نہیں ہوگی، بہتر تھا کہ ہماری 2، 2 سال جو سزا بنتی ہے وہ دے دیتے تو ہم کاٹ لیتے۔

انہوں نے کہا کہ صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے اٹھایا گیا ہے، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستیاناس کردیا ہے۔ ملکی معیشت ان سے سنبھل نہیں رہی، نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائیں گے۔ لوگ مر رہے ہیں مگر کسی کو احساس نہیں، 77 لاکھ پاکستانیوں نے ملک چھوڑنے کے لیے پاسپورٹ جمع کروا دیے ہیں۔

عمران خان کی دوبارہ گرفتاری پر ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عمران خان کو کیسے چھوڑیں گے؟ روز کہتے ہیں وہ آرہا ہے لیکن وہ نہیں آرہا، یہاں قبر ایک اور مردے 3 ہیں۔ اب نواز اور شہباز کا فیصلہ بھی ہوگا، ایک مشرق اور دوسرا مغرب کو بھاگے گا، انہوں نے تو اپنے کیسز ختم کرائے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو سلام ہے، انہوں نے مخصوص نشستوں پر تاریخی فیصلہ دیا ہے، امید ہے کہ عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔

Watch Live Public News