اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: موبائل ڈیٹا سے اہم شواہد سامنے آگئے

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: موبائل ڈیٹا سے اہم شواہد سامنے آگئے
کیپشن: اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: موبائل ڈیٹا سے اہم شواہد سامنے آگئے

ویب ڈیسک: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس سے واقعے کی نوعیت اور ممکنہ روابط کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق حمیرا اصغر نے اپنی موت سے پہلے، 7 اکتوبر 2024 کو شام 5 بجے تک موبائل فون استعمال کیا، اور اسی دن انہوں نے 14 مختلف افراد سے رابطہ کیا۔

اداکارہ کے فلیٹ سے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلیٹ، ذاتی ڈائری اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ حمیرا اصغر کے نام پر تین سمیں رجسٹرڈ تھیں، جو تمام فونز میں فعال حالت میں موجود تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو موبائل فونز بغیر کسی پاسورڈ کے تھے، جبکہ تیسرے فون اور ٹیبلیٹ کا پاسورڈ اداکارہ کی ڈائری میں لکھا ہوا ملا، جس سے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق اداکارہ کے فونز میں 2 ہزار سے زائد نمبرز محفوظ تھے، جن میں سے 75 نمبرز کے ساتھ مسلسل رابطے کے شواہد بھی ملے ہیں، جن کی چھان بین جاری ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے اُس وقت برآمد ہوئی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان عدالت پہنچا۔ عدالتی بیلف جب گھر پہنچا اور دروازہ نہ کھولے جانے پر زبردستی داخل ہوا تو اندر سے حمیرا اصغر کی لاش ملی۔

واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تفتیشی ادارے موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید پیشرفت کی توقع کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News