ویب ڈیسک: امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹکام) نے ایران کے خلاف سات گھنٹے تک جاری رہنے والی فوجی کارروائی کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔
سینٹکام نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن کا موجودہ مرحلہ امریکی وقت کے مطابق رات 10 بجے مکمل ہوا۔
امریکی فوج کے مطابق کارروائی کے دوران آبنائے ہرمز اور ایران کے ساحلی علاقوں کے قریب واقع فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں ایرانی ڈرون تنصیبات، بحری صلاحیتوں اور ساحلی دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں ڈرونز، جنگی طیاروں اور بحری جنگی جہازوں نے حصہ لیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ کارروائی ایران کے خلاف بحری اور ساحلی ناکہ بندی کی بحالی کے تناظر میں کی گئی، جو سات گھنٹوں میں مکمل ہوئی۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اس آپریشن کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کو ایران سے لاحق خطرات میں کمی لانا تھا۔