ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہے، جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منگل کو عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کے تحفظات میں اضافہ کر دیا ہے۔
کشیدگی کے اثرات کے نتیجے میں عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر تقریباً 87 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی بینچ مارک ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 80 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کاروباری روز برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 سے 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ خام تیل تقریباً ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی یا تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی توانائی منڈیوں میں مزید بے یقینی پیدا ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔