میں جہاں پہلے کھڑا تھا انشاء اللہ وہیں کھڑا رہوں گا، پرویز الہیٰ کا اپنی بیگم کو پیغام

میں جہاں پہلے کھڑا تھا انشاء اللہ وہیں کھڑا رہوں گا، پرویز الہیٰ کا اپنی بیگم کو پیغام
لاہور:بیگم چودھری پرویزالٰہی نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ میں جہاں پہلے کھڑا تھا انشاء اللہ وہیں کھڑا رہوں گا۔ بیگم چودھری پرویزالٰہی نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ آج میری جیل میں چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی، مجھے ان کا اللہ پر توکل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور سکون ملا، ان کا اپنی فیملی اور تمام لوگوں کیلئے پیغام ہے کہ وہ اپنے عزم پر پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں جہاں پہلے کھڑا تھا انشاء اللہ وہیں کھڑا رہوں گا۔ بیگم چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مجھے ان کا حوصلہ دیکھ کر قرآن پاک کی آیت جس کا مفہوم ہے کہ ”میں اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کرتا ہوں“ یاد آتی ہے۔ بیگم چودھری پرویزالٰہی نے بتایا کہ کچھ دن پہلے مجھے رات گئے پی آئی سی سے فون آیا کہ آپ کے خاوند کو ایمرجنسی میں یہاں لایا گیا ہے، مجھے کہا گیا کہ آپ ان کی تمام رپورٹس لے کر فوراً پہنچیں، جب میں وہاں پہنچی تو پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور مجھے اندر نہیں جانے دیا گیا، میں نے پولیس والوں سے درخواست کی کہ صرف دو منٹ کیلئے ملنے دیں لیکن پھر بھی نہ سنی گئی، پولیس والوں کے منہ لٹکے ہوئے تھے اور وہ کہتے تھے کہ ہم پرویز الٰہی صاحب کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن مجبور ہیں۔ بیگم چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں پرویز الٰہی صاحب کے نامکمل ٹیسٹ کیے گئے اس بات کی گواہی وہاں کے ڈاکٹر بھی دیں گے، جیل میں جو سلوک چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے، چودھری پرویزالٰہی کو سی کلاس میں رکھا گیا ہے لیکن انہیں سی کلاس کی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی عمر 77 سال ہے لیکن ان کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے، یہ بتایا جائے کہ چودھری پرویزالٰہی کا اتنا کیا قصور ہے، ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، کوئی داد رسی نہیں ہو رہی اس کی کیا وجہ ہے، عام شہری کے بھی جو بنیادی حقوق ہیں وہ بھی چودھری پرویزالٰہی کو نہیں دئیے جا رہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔