(ویب ڈیسک ) پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، بھارت کی طرف سے پانی روکنا واقعی جنگ کا باعث بن سکتا ہے ۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے جرمنی کے نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، یہ انسانی حقوق کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف دھمکی دینا کہ بھارت پاکستان کے پانی کو روکے گا،ا قوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ہماری بقا کا مسئلہ ہے، اگر ہم اپنے لوگوں کو پینے کے لیے پانی کا فراہم نہ کرسکیں توبطور ریاست ہماری ذمے داری ہے کہ میں انہیں ان کا حق دلواؤں چاہے ہمیں جنگ ہی کیوں نہ لڑنی پڑے یہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے پر عمل درآمد کیا تو مجبوراً پاکستان کو جنگ کے میدان میں اترنا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے بہت سے واقعات ہوتے ہیں جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں سب سے بڑا ثبوت کلبھوش یادو کی گرفتاری ہے۔