(ویب ڈیسک ) کان کنوں کے بچوں کو کامسٹ یونیورسٹی کے 7کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا، فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کیلئے شاندار اقدام کیاہے۔صنعتی اور مائنز ورکروں کے بچے اعلی ترین تعلیمی ادارے میں مفت تعلیم حاصل کریں گے۔کارکنوں کے بچوں کو کامسٹ یونیورسٹی کے 7کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا، فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ نے کارکنوں سے درخواستیں طلب کرلیں۔ پنجاب میں ورکرز کے بچے کامسٹ یونیوررسٹی، اسلام آباد، سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ کینٹ، اٹک، لاہور،ساہیوال اور وہاڑی میں پڑھ سکیں گے۔
معذور اور فوت شدہ ورکروں کے بچے کو بھی کامسٹ یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت دی جائے گی ۔رجسٹرڈ ورکر اسلا م آباد کیمپس میں 9جولائی، لاہور کیمپس 17جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد میں 4، وہاڑی اور اٹک میں 11اور ساہیوال میں 15اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ،رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا بے فارم، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی۔-ورکرز کے بچے کا مسٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر کے ڈاکومنٹس اور ایڈمیشن فارم جمع کرائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ ورکر ہمارے سر کا تاج ہیں، تعلیم اور صحت سمیت ہر سہولت دیں گے،پنجاب کے ہر ورکر کے بچوں کے لئے اعلی تعلیمی اداروں کے دروازے کھول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بچہ چاہے وہ مزدور کا بچہ ہے اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ۔مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے ایسے تاریخی اقدامات کررہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔