امریکا۔ایران امن معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

امریکا۔ایران امن معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
کیپشن: امریکا۔ایران امن معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جسے توانائی کی منڈیوں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سپلائی کے خدشات میں کمی کے طور پر دیکھا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں 4 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 83.70 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت 3.75 ڈالر کمی کے بعد 80.76 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبر سامنے آنے کے بعد سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے معاہدے کے لیے قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق معاہدے میں لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جنگی سرگرمیوں کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

ادھر امریکا اور ایران نے بھی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی پیش رفت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

Watch Live Public News