ویب ڈیسک: پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران آج مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان اور پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی وطن کے لیے خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔