(ویب ڈیسک)پہلی بار پنجاب کی تاریخ میں امام بارگاہیں ٹیکنالوجی کی ڈھال میں محفوظ ہوگئیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات ،سکیورٹی اور دیگر امور پر غیر معمولی اور اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ پنجاب میں پہلی بار 4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن انسٹال کردیے گئے۔ کیو آر کوڈ سکین کریں --سیکیورٹی خود آپ کے پاس آئے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپیل کی کہ منتظمینِ مجالس فوری طور پر کیو آر کوڈ ڈاؤن لوڈ کریں۔
وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ٹھنڈے میٹھے پانی،خوشبو،سبیلیوں اور بہترین صفائی سے عزادارانِ حسینؑ کی خدمت کرے گی ۔
کیو آر کوڈ سکین کرتے ہی متعلقہ سیکیورٹی اور انتظامی ادارے فوری حرکت میں آئیں گے۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں تھری ٹیئر (تین سطحی) سیکیورٹی پلان نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران ڈرونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد، لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز اور رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوس کے راستوں پر خوشبو کا استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے شاندار انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور جلوسوں کا انعقاد ہوگا۔ پنجاب بھر میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں 1 لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں طلب کر لی گئیں۔صوبے بھر کے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے 30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار بھی معاونت کریں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محرم الحرام کے جلوسوں کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرے گی ۔سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے صوبہ بھر میں 5 ہزار 623 سے زائد سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے فعال ہیں ۔میدانی حالات پر نظر رکھنے کے لیے 1040 باڈی کیمز اور جدید ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حساس ترین مقامات پر 1000 سے زائد جدید 4G ایونٹ کیمرے بھی نصب کر دیے گئے ۔ موبائل سروس معطلی کی صورت میں 11 اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز میں LTE کوریج فراہم کی جائے گی ۔سیف سٹیز کنٹرول رومز سے 1400 سے زائد افسران چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ پر مامور ہوں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے امن دشمن عناصر اور کالعدم تنظیموں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں اب تک 43 ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے جا چکے ہیں ۔ محرم الحرام کے دوران مروجہ اور لائسنس یافتہ جلوسوں کے علاوہ کسی نئے جلوس یا روٹ کی اجازت نہیں ہوگی ۔ جلوسوں روٹس اور اوقات کار کی پابندی ہر صورت لازمی، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹولرینس ہوگی۔ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
اشتعال انگیز گفتگو اور وال چاکنگ کے تدارک کے لیے 794 علما کی زبان بندی اور 1418 کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں امن کمیٹیوں کے تحت نچلی سطح پر 1 ہزار 220 کوآرڈینیشن میٹنگز مکمل کرلی گئیں ۔
جلوس کے داخلی و خاجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے جائیں گے۔