ویب ڈیسک: سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں لاکھا روڈ اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس لوپ لائن پر کھڑی مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت دو بوگیاں بری طرح تباہ ہو گئیں۔
پاکستان ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی 27 اپ شالیمار ایکسپریس اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے عقب سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ تیز رفتار ٹرین کا انجن مال گاڑی کے ڈبوں میں دھنس گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر پوائنٹ یا کانٹے کے مسئلے کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا، جبکہ ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کوٹری اور روہڑی سے ریلیف ٹرینیں اور عملہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے باوجود ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل نہیں ہوا اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔