ویب ڈیسک: سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سول ڈیفنس کے محفوظ بنکر کا دورہ کیا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری داخلہ نے صوبے بھر میں رضاکاران کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل کے قیام کی ہدایت دی، جبکہ موجودہ عمل کے تحت 10 لاکھ نئے رضاکاروں کی بھرتی اور تربیت کا عمل جاری ہے۔ ان کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب بھر میں جدید انفراسٹرکچر کی تیاری مکمل
22 مقامات پر کمبائنڈ کنٹرول اینڈ رپورٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جو ہنگامی حالات میں فوری فیصلے اور معلومات کے تبادلے میں مدد فراہم کریں گے۔
1113 محفوظ شیلٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 77 ہزار افراد کے لیے گنجائش موجود ہے۔
سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 مشترکہ تربیتی مشقیں بھی کر رہے ہیں تاکہ باہمی کوآرڈینیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔
500 ملین روپے کے فنڈز، جدید آلات کی خریداری
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 500 ملین روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، جن سے جدید آلات کی خریداری کی جائے گی۔
عوامی آگاہی پر زور
سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سول ڈیفنس دفاتر اور افسران کے رابطہ نمبروں کو عوام تک پہنچانے کے لیے بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں عوام بروقت رہنمائی حاصل کر سکیں۔