وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان رابطہ، علاقائی امن اور کشمیر پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان رابطہ، علاقائی امن اور کشمیر پر گفتگو
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان رابطہ، علاقائی امن اور کشمیر پر گفتگو

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن، مسئلہ کشمیر اور حالیہ کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ"صدر علیوف کی مستقل حمایت پاکستانی عوام سے ان کی محبت کا مظہر ہے۔"

پائیدار دوستی اور یکجہتی کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ"دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، آذربائیجان ہمیشہ ایک سچے بھائی کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔"

انہوں نے بھارت کے ساتھ جنگ بندی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ"پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔"

آذربائیجان کی پاکستان سے مکمل حمایت

صدر الہام علیوف نے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ"آذربائیجان پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔"

کشمیر پر مسلسل حمایت اور اقتصادی شراکت داری

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے صدر علیوف کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

Watch Live Public News