(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھرپور جواب سے دشمن کے چاروں طبق روشن ہوگئے۔دشمن کو پیغام دیدیا دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پیروں تلے روند دیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے خلاف عظیم کامیابی پر بہادر سپوتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہماری بہادر افواج نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ پاکستان کے بھرپور جواب سے دشمن کے چاروں طبق روشن ہوگئے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں تاریخ کی عظیم فتح سے ہمکنار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری جری جوانوں نے دنیا کی سوچ بدل کر رکھ دی۔ پاکستان کے بھرپور جواب نے طاقت کا توازن تبدیل کردیا۔ہر پاکستانی کو اپنی بہادر افواج اور نڈر سپوتوں پر فخر ہے۔اس عظیم کامیابی پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے فرنٹ سے لیڈ کیا۔10 مئی کو دنیا میں ایک ہی گونج تھی کہ پاکستان نے صورتحال تبدیل کردی۔دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے عزم اور تکنیکی صلاحیت سے دشمن کو مات دی۔ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے اور دن میں تارے دکھا دیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 نہیں 6 طیارے تباہ کیے۔ہماری افواج نے اپنی مہارت اور عزم سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔دشمن نے اپنی طاقت منوانے کیلئے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدا۔ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹے میں دشمن کا غرور پاش پاش کردیا۔ہمارے شاہینوں نے دشمن کے 3 رافیل طیارے مار گرائے۔پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ہمارے شاہینوں نے ایم ایم عالم ، سیسل چوہدری اور سرفراز رفیقی کی یاد تازہ کردی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ہم نے دشمن کی جارحیت کا تحمل سے جواب دیا۔ہماری امن کی پیشکش کو ٹھکرایا گیا۔بھارت نے جارحیت میں بچوں سمیت نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان نے جوابی کارروائی میں دشمن کی عسکری تنصیبات کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر حواس باختہ کردیا۔ہمارے جواب سے دشمن کے جنگی جنون کا بخار اتر گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے بات چیت کو تیار ہے۔لازمی ہے کہ مذاکرات میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہوگی۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔کشمیر پر بات کرنا ہوگی، یہ مسئلہ دوبارہ خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ مکتی باہنی کو تربیت کس نے دی؟جعفر ایکسپریس واقعہ میں بھارت ملوث ہے۔آئیں بات کریں کہ کون دہشست گرد ہے اور کون دہشت گردی کا نشانہ بنا۔