مریم نواز اپنی اربوں کی جائیدادوں کا جواب دیں، فواد چودھری

مریم نواز اپنی اربوں کی جائیدادوں کا جواب دیں، فواد چودھری
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بیوقوفانہ کہانیاں اور سازشی تھیوریاں گھڑنے کی بجائے یہ بتایا جائے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے؟ مریم نواز کی اربوں کی جائیدادیں سامنے آ چکی ہیں، ان کا جواب دیں۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انصار عباسی کی ایک حیرت انگیز سٹوری نظر سے گزری جس میں گلگت کے ایک جج صاحب فرماتے ہیں کہ جب وہ ثاقب نثار صاحب کے پاس چائے پینے بیٹھے تو جج صاحب نے فون پر ہائیکورٹ کے جج سے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت الیکشنوں سے پہلے نہیں لینی! کیسے کیسے لطیفے اس ملک میں نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اندازہ لگائیں کہ آپ کسی جج کے پاس چائے پینے جائیں اور وہ آگے سے فون ملا کر بیٹھا ہے کہ آپ کے سامنے ہی ایسی ہدایات جاری کرے کہ کسی ملزم کی ضمانت لینی ہے یا نہیں لینی! ملزم بھی کوئی عام آدمی نہیں ملک کا وزیر اعظم۔ انہوں نے کہا کہ بیوقوفانہ کہانیاں اور سازشی تھیوریاں گھڑنے کی بجائے یہ بتا دیں کہ نواز شریف نے جو ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدے اور جو بعد میں مریم نواز کی ملکیت میں دے دئیے گئے، ان کے پیسے کہاں سے آئے؟ فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز نے یہ کہا کہ میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، اب اربوں کی جائیداد سامنے آ چکی ہے، اس کا جواب دیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔