شہباز شریف نے اپوزیشن قائدین سے رابطے شروع کر دیئے

شہباز شریف نے اپوزیشن قائدین سے رابطے شروع کر دیئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپوزیشن قائدین سے ایک بار پھر رابطے شروع کرتے موجودہ ملکی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف نے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کی ہے۔ اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاﺅ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے بھی رابطہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے ملکی صورتحال پر اے این پی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، شفیق ترین اور بلوچستان پارٹی کے ڈاکٹر عبداالمالک بلوچ، محسن داوڑ اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ قائد حزب اختلاف نے نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا۔ حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا۔ آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔

Watch Live Public News