ویب ڈیسک: قومی کرکٹر بابر اعظم نے بالآخر 807 دنوں کے طویل انتظار کے بعد سنچری اسکور کر کے اپنی آؤٹ آف فارم کی بحث کا خاتمہ کر دیا۔ بین الاقوامی کرکٹ میں 83 اننگز بعد آئی اس سنچری نے نہ صرف مداحوں کو خوش کیا بلکہ سابق کپتان کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 102 رنز بنائے۔ 8 چوکے جڑنے والی اس اننگز نے پاکستان کو 289 رنز کا ہدف 10 گیندیں پہلے حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں گرین شرٹس نے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔
میچ کے بعد بابر اعظم نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں "الحمدللہ" لکھا اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی پوسٹ کے کمنٹس میں شائقین نے مبارکباد اور تحسین کے پیغامات کی بھرمار کر دی۔
سنچری مکمل ہونے کے بعد بابر اعظم نے پہلے آسمان کی طرف دیکھا، پھر سجدہ شکر بجا لایا۔ گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں نے ہر اسٹروک پر انہیں بھرپور داد دی، جبکہ سنچری کے لمحے پورا اسٹیڈیم کھڑا ہوکر تالیاں بجاتا رہا۔ میچ کا فیصلہ کن شاٹ بھی بابر اعظم ہی کے بلے سے نکلا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ مداحوں کی سپورٹ نے حوصلہ بڑھایا۔ “ہدف کے مطابق بیٹنگ کی، سنچری نے اعتماد واپس دیا، اور مجھے یقین تھا کہ یہ اننگز آئے گی۔”