ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل واضح کر چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ وہ کیڈٹ کالج وانا کے دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے ملاقات کر رہے تھے۔
کیڈٹ کالج وانا میں وزیر داخلہ کو حالیہ حملہ ناکام بنانے کے آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ “کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، کالج پر حملہ کرنے والے درندوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت پر کیڈٹ کالج وانا کی تزئین و آرائش جدید انداز میں کی جائے گی تاکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی بیرون ملک سے منظم کی جا رہی ہے، تاہم ریاست کسی کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ “فیلڈ مارشل پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔”
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے پر فیلڈ مارشل اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اسلام سے خارج ہیں اور ان کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔