ویب ڈیسک: کراچی کی مختلف یونیورسٹیز اور مدارس کے 400 سے زائد طلباء و طالبات نے پاکستان رینجرز سندھ کے ٹریننگ سنٹر اور اسکول کا دورہ کیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق شرکاء کو پاکستان رینجرز سندھ کی بنیادی ذمہ داریوں اورپیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا، معلوماتی دورے کے دوران رینجرز کے اسپیشل دستوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی مشقوں اور ڈرلز کے مظاہرے کیے، شرکاء نے رینجرز شوٹنگ اور سیڈل سنٹر کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران طلباء و طالبات کو بارڈر پر ہونے والی اونٹ بردار پٹرولنگ اور فائرنگ کے مظاہرے دکھائے گئے۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان با صلاحیت اور ملک کے روشن مستقبل کے صامن ہیں،نوجوان طلباء وطالبات کا قیام امن اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔
معرکہ حق میں پاکستانی نوجوانوں کا قومی جذبہ دیدنی تھا، شرکاء نے سکیورٹی اور کراچی کے حالات پر مختلف سوالات کیے جس کا ڈی جی رینجرز سندھ نے تسلی بخش جواب دیا۔
طلبہ نے کراچی میں امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہا اور منعقد کی گئی سر گرمیوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔
