حیدرآباد: پٹاخے بنانیوالی فیکٹری میں دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد جھلس گئے

حیدرآباد: پٹاخے بنانیوالی فیکٹری میں دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد جھلس گئے

ویب ڈیسک: حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 10 میں غیر قانونی آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لغاری گوٹھ کے رہائشی علاقے میں ہونے والے اس دھماکے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے اور آگ سے متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے فوری حقائق نامہ بھی طلب کیا اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کی ہدایت دی۔

مراد علی شاہ نے واضح کیاکہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مزدوروں کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Watch Live Public News