ویب ڈیسک: وزیراعظم اور شاہ اردن کے درمیان ملاقات، دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم مشہبازشریف اور اردن کے شاہ عبداللہ (دوئم) ابن الحسین کی ملاقات ہوئی، اہم ملاقات میں اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوئم ابن الحسین کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے دورے کو پاکستان اور اردن کے درمیان پائیدار دوستی کے ثبوت کے طور پر اجاگر کیا۔
شاہ عبداللہ دوئم نے غزہ تنازعہ کے ساتھ ساتھ جنگ کے بعد غزہ میں استحکام اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
فلسطین کے معاملے پر دونوں رہنماؤں نے جنگ کے بعد غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف بشمول غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی سمجھوتے سے گریز کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط ہوئے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے آٹھ عرب اسلامی ممالک، جو امریکہ کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں ،کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کو پاکستان کے پڑوس بالخصوص افغانستان اور بھارت میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا، شاہ عبداللہ دوئم نے اپنے دورہء پاکستان کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوئی، تقریب میں دونوں رہنماؤں نے شرکت کی، میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
علاوہ ازیں پاکستان اور اردن کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹیڈ اور جارڈن ریڈیو اینڈ ٹیلیویژن کے درمیان تعاون کا معاہدہ، پاکستان اور اردن کے درمیان ثقافتی پروگرام ، یونیورسٹی آف جارڈن میں اردو اور مطالعہء پاکستان کی چیئرز کا قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔