پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طےپاگیا

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طےپاگیا
کیپشن: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طےپاگیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے لیے معاشی میدان سے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت پاکستان کا اقتصادی پروگرام بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے اور ملکی معیشت میں اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 14 سال بعد پہلی بار سرپلس میں رہا، جب کہ مالی توازن پروگرام ہدف سے بہتر ثابت ہوا۔ افراطِ زر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور معاشی نمو میں بہتری پاکستان کی مثبت پیش رفت کے اہم اشارے ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی نمو 3.25 سے 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ عالمی ادارے نے پاکستان کی ماحولیاتی اصلاحات کے پروگرام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے باوجود حکومت نے ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیداری، مالی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے کو سنجیدگی سے آگے بڑھا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات انتہائی تعمیری انداز میں جاری رہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ پاکستان رواں سال کے اختتام سے قبل پہلا "گرین پانڈا بانڈ" جاری کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قومی ایئرلائن اور تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں پیش رفت ہوئی ہے، جب کہ یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی سے پی آئی اے سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش بن گئی ہے۔ پانچ مختلف گروپس نے قومی ایئرلائن کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

Watch Live Public News