کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی روح کے منافی ہے، محسن نقوی

کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی روح کے منافی ہے، محسن نقوی
کیپشن: کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی روح کے منافی ہے، محسن نقوی

ویب ڈیسک: ایشیا کپ کے اہم پاک بھارت میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے رویے نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی ٹیم نے روایتی ہینڈ شیک سے انکار کر کے اسپورٹس مین اسپرٹ کی واضح خلاف ورزی کی، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کا سخت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ کھیل کے میدان میں سیاست کو گھسیٹنا کھیل کی اصل روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس عمل پر انہیں شدید مایوسی ہوئی ہے، کیونکہ کھیل وہ پلیٹ فارم ہے جہاں دشمنیاں نہیں بلکہ بھائی چارہ اور دوستی فروغ پاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ فتوحات کو تمام ٹیمیں خوش اسلوبی اور وقار کے ساتھ منائیں گی تاکہ کرکٹ شائقین کھیل سے حقیقی لطف اٹھا سکیں۔

پی سی بی کے مطابق، قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے اس معاملے پر میچ ریفری کو باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین شپ کے اصولوں کے خلاف ہے اور یہ رویہ کھیل کی عالمی شبیہ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

مزید برآں، قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف احتجاج درج کراتے ہوئے میچ کے بعد ہونے والی اختتامی تقریب میں شرکت نہ کی۔ ذرائع کے مطابق، تقریب کے پریزنٹر کا تعلق بھارت سے ہونے کی وجہ سے کپتان نے بطور احتجاج اس تقریب میں نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس عمل نے روایتی حریفوں کے درمیان تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا ہے۔ شائقین کرکٹ نے بھی سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کے رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے کھیل کے وقار کے منافی قرار دیا۔

Watch Live Public News