ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات، ملاقات میں اسرائیل کی جانب سے قطع کے خلاف کی جانے والی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی، وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کو مشرق وسطیٰ کا امن تباہ کرنے کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔
وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے پر سعودی ولی عہد کے قائدانہ کردار کو سراہا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ سمیت تمام سفارتی محازوں پر پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوحہ میں ایمرجنسی عرب، اسلامک سمٹ کے انعقاد نے ایک اہم پیغام دنیا کو دیا۔، سمٹ کے انعقاد سے پیغام گیا کہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے خلاف امت مسلمہ یک زبان ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے دیرینہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب کی جانب سے حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے ہفتے کے اواخر میں ریاض کے دورے کا منتظر ہوں۔
دورہ دونوں ممالک کو علاقائی، دوطرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا، وزیراعظم نے ملاقات میں شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہا۔