ویب ڈیسک: نادرا نے پنجاب کے 8 اضلاع کی خواتین کے لیے جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) کی آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔
فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ کی امیدواروں کے واک اِن ٹیسٹ 29 ستمبر، حافظ آباد اور سرگودھا کے امیدواروں کے 30 ستمبر جبکہ میانوالی، خوشاب اور بھکر کی امیدواروں کے ٹیسٹ یکم اکتوبر 2026 کو ہوں گے۔ کامیاب اور شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز بالترتیب 30 ستمبر، یکم اور 2 اکتوبر کو ہوں گے۔
نادرا کے مطابق امیدوار کا متعلقہ ضلع سے تعلق ہونا ضروری ہے، جس کی تصدیق شناختی کارڈ یا ڈومیسائل سے کی جائے گی۔ امیدوار کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا مساوی مقرر کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال مقرر ہے، جس میں پانچ سال کی رعایت پہلے ہی شامل ہے۔ اقلیتی اور معذور خواتین بھی درخواست دے سکتی ہیں۔
آسامیوں میں فیصل آباد میں 3، چنیوٹ 2، جھنگ 2، حافظ آباد 5، سرگودھا 5، میانوالی 4، خوشاب 2 اور بھکر میں 3 آسامیاں شامل ہیں۔
تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا ریجنل ہیڈ آفس، 6 گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں ہوں گے۔ ٹیسٹ کے روز رجسٹریشن صبح 8:30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی۔

امیدواروں کو ٹیسٹ کے وقت اصل شناختی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والی امیدواروں کے لیے این او سی بھی لازمی ہوگا۔
نادرا کے مطابق صرف ٹیسٹ پاس کرکے شارٹ لسٹ ہونے والی امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ مزید تفصیلات اور ٹیسٹ سے متعلق معلومات نادرا کے کیریئرز پورٹل پر دستیاب ہیں۔