ویب ڈیسک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی مبینہ اشتعال انگیز سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ممکنہ سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہی، جس میں خلیج اور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ان اہم سمندری گزرگاہوں میں امریکا کی موجودگی اور اقدامات خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں اور یہ علاقائی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اس موقع پر جنگ کے دوران ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ بیجنگ سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے اور تنازع کے خاتمے کے لیے کسی جامع حل تک پہنچنے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔