ویب ڈیسک: ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں پہنچ گیا۔ سیٹلائٹ نے گراؤنڈ اسٹیشنز سے مستحکم رابطہ بھی قائم کر لیا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق ہائی ریزولوشن تصاویر زمین پر بھیجنے کا عمل شروع ہوچکا۔ اس سیٹلائیٹ کی مدد سے شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں انقلاب آئے گا۔ سیٹلائٹ قدرتی آفات کی بروقت مانیٹرنگ میں معاون ثابت ہوگا۔ سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے فوری ڈیٹا سے ریلیف ممکن ہوگا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق ماحولیات میں گلیشیئر پگھلنے اور جنگلات کی کٹائی کی نگرانی ممکن ہوگی۔ زراعت میں فصلوں کی نقشہ سازی اور پانی کے وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔ سیٹلائٹ غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ سی پیک منصوبوں میں جغرافیائی خطرات کی شناخت اور نیٹ ورکس کی نقشہ سازی ممکن ہوگی۔ پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیصلہ سازی میں بہتری آئے گی۔
ترجمان سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ کی مدار میں کامیاب گردش پاکستان کی تکنیکی خودمختاری اور خلا پر مبنی ٹیکنالوجی میں بڑا قدم ہے۔