ویب ڈیسک: سڈنی کے ساحلی علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق ملزمان نومبر میں بھارتی پاسپورٹس پر فلپائن کا سفر کر چکے تھے۔
فلپائن کے امیگریشن حکام کے مطابق دونوں ملزمان نے فلپائن میں داخلے کے دوران ڈاواؤ شہر کو اپنی آخری منزل ظاہر کیا تھا۔ امیگریشن ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے یکم نومبر سے 28 نومبر کے دوران فلپائن کا سفر کیا، جس کے بعد وہ واپس سڈنی روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب فلپائن کی فوج کا کہنا ہے کہ تاحال اس بات کی کوئی فوری تصدیق نہیں ہو سکی کہ ملزمان نے وہاں کسی قسم کی عسکری یا جنگی طرز کی تربیت حاصل کی ہو۔
خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی پولیس ملزمان کے فلپائن سفر کے مقاصد کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے داعش کے جھنڈے برآمد ہوئے تھے۔
بلومبرگ نے بھی اپنی رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ سڈنی میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث باپ بیٹے نے نومبر میں بھارتی پاسپورٹس پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔