ویب ڈیسک: انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان نے پریس کانفرنس میں امیرِ اہلِ سنت قاضی نثار احمد پر5اکتوبر 2025 کو ہونے والے قاتلانہ حملے سے متعلق اہم پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا گیا ہے۔
پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم بھی کیا ہے۔ حملے میں مجموعی طور پر 11 دہشت گرد شامل تھے، جن میں دو سہولت کار اور نو حملہ آور تھے۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گردموقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ تمام مفرور ملزمان کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ یہ کامیابی پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔