ویب ڈیسک: بے گھر صنعتی ملازمین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرعہ اندازی کا آغاز بٹن دبا کر کیا اور کامیاب صنعتی ملازمین کو گھر کی ملکیت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ندیم طاہر نامی صنعتی ورکر کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے والدین کو اپنے نئے گھر میں رکھیں، کیونکہ ان کی دعاؤں سے ہی یہ کامیابی ملی ہے۔
مریم نواز نے شیخوپورہ میں "قائداعظم بزنس پارک" میں 700 ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل کی تکمیل کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ، صوبائی وزیر محنت منشا اللہ بٹ نے پراجیکٹ کی تفصیلات بتائیں کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ون میں 5897 ورکرز اہل قرار پائے تھے، جن میں سے 480 فلیٹس قصور اور 240 فلیٹس لاہور کے ورکرز کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔
منشا اللہ بٹ نے مزید بتایا کہ 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل ہوں گے، اور دورانِ ملازمت جاں بحق ورکرز کی بیوگان کو 3 فیصد کوٹہ جبکہ اسپیشل ورکرز کو 2 فیصد کوٹہ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مریم نواز نے بیوگان اور اسپیشل افراد کے لیے فلیٹس کے الگ اور محفوظ انتظامات کی ہدایت دی۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں بھی صنعتی ورکرز کے لیے فلیٹس فراہم کیے جائیں گے، جن میں سندر فیز ٹو میں 672 فلیٹس، ملتان میں 656 اور واربرٹن ننکانہ صاحب میں 544 فلیٹس شامل ہیں۔ جھنگ اور کمالیہ میں 2000 صنعتی کارکنوں کو تین مرلے کے مفت پلاٹ بھی دیے جائیں گے۔