ویب ڈیسک : کویت میں 3 برسوں میں مسلسل تیسری بار پارلیمنٹ تحلیل، امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر نے گذشتہ برس جون میں ہی منتخب ہونے والی پارلیمان کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی عدم استحکام کے شکار ملک کویت میں ایک بار پھر حکومتی بحران پیدا ہوگیا۔ ارکان اسمبلی نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا جب کہ کابینہ اور ارکان اسمبلی کے درمیان مذاکرات بھی نہ ہوسکے۔ وزیراعظم ،کابینہ اور امیر کویت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر کے شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی وجہ ارکان اسمبلی کے جارحانہ اور بے قابو بیانات ہیں جس سے انتشار نے جنم لیا۔ یاد رہے کہ کویت کے 1962 سے حکمران خاندان علی الصباح کی ہر بار مقرر کردہ کابینہ سے منتخب ارکان اسمبلی کے درمیان ہمیشہ اختلاف اور ڈیڈلاک رہا ہے۔ تیل کی دولت سے مالا مال کویت میں یہ پہلا موقع نہیں جب پارلیمنٹ کو امیرِ نے یک قلم جنبش تحلیل کردیا ہو۔ 2022 اور 2023 میں بھی ایسا کیا گیا تھا۔ اس طرح پارلیمنٹ تحلیل ہونے کا یہ مسلسل تیسرا سال ہے