ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت کے خلاف شکست پر قومی کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شکست کے بعد شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے قومی ٹیم کی کارکردگی پر سخت ردعمل سامنے آرہا ہے۔ شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم نے کئی غلطیاں کیں اور مخالف ٹیم جیت کی مستحق تھی۔
انہوں نے کپتان سلمان علی آغا کے فیصلوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بعض فیصلے سمجھ سے بالاتر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان طارق کو دس اوورز تک استعمال نہ کرنا حیران کن تھا۔
شاہد آفریدی نے شاہین آفریدی کی بولنگ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اوور میں رنز دینے کے باوجود آخری اوور بھی انہیں دیا گیا، حالانکہ فہیم اشرف بھی دستیاب تھے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ اگر فیصلہ ان کے اختیار میں ہو تو وہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور بابر اعظم سمیت چند سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑی طویل عرصے سے ٹیم کا حصہ ہیں اور بڑی ٹیموں کے خلاف ان سے اچھی کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے، اس لیے اگلے میچ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا چاہیے۔