ویب ڈیسک: حکومتِ پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے گھی ملز مالکان کی ملاقات ہوئی، جس میں طے پایا کہ رمضان المبارک میں تمام برانڈز کے گھی اور آئل پر فی کلو پیکٹ 10 سے 16 روپے تک رعایت دی جائے گی۔
سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے کہ ماہِ مبارک میں معیاری اور رعایتی نرخوں پر گھی اور آئل مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں پام آئل کی عالمی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی تو صنعت سے مشاورت کے بعد عوام کو فوری مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ معیاری گھی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ میں جدید نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ٹرانس فیٹی ایسڈ کی مقدار کم کرنے کے لیے سستے اور جدید طریقے موجود ہیں، جبکہ گھی کی جانچ پڑتال کے نظام کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے گھی اور آئل کے معیار میں مزید بہتری کے لیے مل مالکان سے سفارشات بھی طلب کر لیں۔
چیئرمین گھی ملز ایسوسی ایشن اسجد عارف نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آئل اور گھی کی صنعت کی رہنمائی کی ہے اور صوبے میں بین الاقوامی اصولوں کا نفاذ یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران معیاری گھی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ملاوٹ کے خاتمے کے لیے اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔