ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی محمد یوسف نے کرکٹ میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست ہوئی، جس پر محمد یوسف نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری کرکٹ کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے اور دل خون کے آنسو روتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم میں نااہل افراد کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے کھیل میں سیاسی مداخلت اور ذاتی ایجنڈوں کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان ٹیم دوبارہ اس سطح پر نہیں پہنچ سکتی جو ایک وقت میں تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر بھی محمد یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں جیسے شاہین آفریدی، بابر اعظم اور شاداب خان کا وقت اب گزر چکا ہے اور پاکستان کو اپنے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے نئے پرفارمرز کی ضرورت ہے۔