(ویب ڈیسک ) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے پیر کے روز خلیجِ فارس میں آبنائے ہرمز کے مقام پر "اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز" کے نام سے ایک بحری مشق کا آغاز کر دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ مشق کمانڈر اِن چیف میجر جنرل پاکپور کی نگرانی میں شروع کی گئی۔ آبنائے ہرمز میں ہونے والی اس "اسمارٹ کنٹرول" مشق کے دوران ممکنہ خطرات کے جواب میں جوابی فوجی کارروائی کے مختلف منظرناموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس مشق کا مقصد بحری آپریشنل یونٹس کی تیاری اور استعداد کا اندازہ لگانا ہے۔
ایرانی قومی ٹی وی کی جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشق کے دوران آئی آر جی سی نیوی کا ہیلی کاپٹر مشن کے لیے پرواز بھرتا ہے۔ یہ مشق آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہے گی۔