ویب ڈیسک: وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے بچے کی پیدائش پر والد کو چھٹی نہ دینے کو صنفی امتیاز اور ہراسمنٹ قرار دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
یہ فیصلہ بینک افسر سید باسط علی کی درخواست پر سنایا گیا، جنہوں نے 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت طلب کی تھی تاہم اسٹیٹ بینک نے پالیسی نہ ہونے کا جواز دے کر درخواست مسترد کر دی تھی۔
فیصلے کے مطابق 4 لاکھ روپے متاثرہ افسر کو بطور ہرجانہ ادا کیے جائیں گے جبکہ 1 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں گے۔ محتسب نے قرار دیا کہ میٹرنٹی رخصت دینا اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار کرنا واضح صنفی امتیاز ہے، کیونکہ بچوں کی دیکھ بھال والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید برآں اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ “میٹرنٹی اور پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023” کے تحت فوری طور پر باقاعدہ پالیسی مرتب کرے اور شکایت گزار کو تنخواہ سمیت 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت فراہم کرے۔