عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کردی

عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کردی

(ویب ڈیسک )  بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے پشاور میں ہونے والی  ملاقات کی تصدیق کردی۔

اڈیا لہ جیل کے کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی۔ صحافیوں   عمران خان  سے بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف کی ملاقات کے بارے میں  سوال کیا  جس پر انہوں نے تردد کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے تفصیلات پتا نہیں ہیں۔

لیکن بعد میں بانی پی ٹی آئی نے   بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ 'آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے، اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی ہے تو یہ خوش آئند ہے یہ پاکستان کے لیے اچھا ہے، ہم چاہ رہے تھے مذاکرات ہوں، اس میں پاکستان کے استحکام کی بات ہوگی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے بات کرنی چاہیے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ مذاکرات بند ہیں، ہمیشہ بات چیت کا کہا، دوسری طرف سے دروازے بند تھے، اب اگر بات چیت شروع ہوئی ہے تو پاکستان کے ہی استحکام کے لیے بات ہوگی'۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خود بھی تصدیق کی ہے کہ  میری اور علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے ملاقات علیحدگی میں ہوئی، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات رکھے ہیں، اپنے تمام مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  آرمی چیف سے ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں دوسری طرف سے بھی مثبت جواب ملا ہے، اسٹیبشلمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں، امید ہے اب صورت حال بہتر ہوجائے گی۔

Watch Live Public News