حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، حامد رضا

حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، حامد رضا

(ویب ڈیسک ) رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ   حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، اگر اختیار ہے تو کمیشن بنائیں، جہاں ہم قیدیوں کی فہرست پیش کردیں گے۔

خیبر پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور عرفان صدیقی نے ایک پریس کانفرنس کی، جس میں حقائق کا دور دور سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ فرسٹریشن پر مبنی پریس کانفرنس تھی۔

انہوں نے بتایا کہ  ہم سے کہا گیا کہ مطالبات تحریری شکل میں دیں، ان کا یہ خیال تھا کہ ہم اسیران کے نام دیں گے، جس کے بعد وہ این آر او کا بیانیہ بنا سکیں، ہم نے اپنے مطالبات میں واضح پوچھا ہے کہ آپ جوڈیشل کمیشن بنا سکتے ہیں یا نہیں۔

حامد رضا کا کہنا تھا کہ  جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز دیے ہیں، جو حکومت کو لگتا تھا کہ نہیں دیں گے۔ انہوں نے 13 جاں بحق کارکنان کے نام بھی بتائے اور کہا کہ 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائیں ہم وہاں نام دیں گے، جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی مگر فیملی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کہا گیا کہ زخمیوں کی فہرست موجود نہیں ہے، ہمارے پاس زخمیوں کی فہرست بھی موجود ہے، حکومت کے پاس جوڈیشل کمیشن بنانے کا اختیار ہے وہ کریں اس سے زیادہ اختیار نہیں ہے، ہم نے یہ فہرستیں جوڈیشل کمیشن کو فراہم کرنی ہیں اور وہ کریں گے، ہمارے پاس زخمیوں کے میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود ہیں، ہم نے کئی کوشش کی گمشدہ کارکنان کا پتا لگایا جا سکے اور ہم نے پتہ لگایا۔

حامد رضا نے  کہا کہ   رانا ثنا اللہ آج پریس کانفرنس میں بتاتے کہ جو افراد ملے ہیں وہ ہم نے ڈھونڈے ہیں، ہمیں پتہ تھا کہ حکومت مذاکرات سے بھاگے گی حالانکہ ہم نے پہلی ملاقات میں واضح کردیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن ہمارا مطالبہ ہے، پہلی اور دوسری ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کنٹرول ماحول میں ہوئی۔

ان کاکہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مذاکرت سے بھاگ رہی ہے، کہتے ہیں قیدیوں کے نام لکھ کر نہیں دیے، ہمیں حکومت کے دکھ اور درد کا اندازہ ہے۔

Watch Live Public News