سیف علی خان پر حملہ، ملزم کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے پہلے کس نے دیکھا؟

سیف علی خان پر حملہ، ملزم کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے پہلے کس نے دیکھا؟

ویب ڈیسک: بالی ووڈ انڈسٹری کے نامور اداکار، چھوٹے نواب کے نام سے پہنچانے جانے والے سیف علی خان پر آج ہونے والے قاتلانہ حملے میں وہ بال بال بچے، حملہ آور نے اُن پر چاقو سے حملہ کیا جس کے باعث انہیں زخمی حالت  میں ہسپتال منتقل کردیا جہاں ان کی جان خطرے سے باہر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور ممکنہ طور پر ڈکیتی کی نیت سے سیف علی خان کے بندرا میں واقع گھر میں رات تقریباً 2:30 بجے داخل ہوا، حملہ آور بغیر کسی رکاوٹ کے گھر کے اندر داخل ہوا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یا تو عمارت کے داخلی راستوں سے واقف تھا یا وہاں سکیورٹی میں کمی کے باعث وہ داخل ہونے میں کامیاب ہوا۔
سیف علی خان کے گھریلو ملازمہ ’ایلیما فلپس‘ نے حملہ آور کو سب سے پہلے دیکھا اور اسے روکنے کی کوشش کی،اس دوران انہیں چوٹیں آئیں، چیخنے کی آواز سن کر سیف علی خان نے مداخلت کی، جس کے بعد ان کی حملہ آور سے جھڑپ ہوئی۔
حملہ آور کے پاس چاقو تھا اور جھڑپ کے دوران اس نے سیف علی خان کو متعدد مرتبہ چاقو مارا، جن میں ایک وار ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا، بعد ازاں حملہ آورموقع سے فرار ہو گیا۔

ممبئی پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور حملہ آور کی تلاش میں ہے، پولیس یہ بھی جانچ رہی ہے کہ کیا حملہ آور کا کسی ایسے فرد سے تعلق تھا جو سیف علی خان کے گھر سے واقف ہو؟

سیف علی خان کو فوری طور پر لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی، ان کی بیوی کرینہ کپور خان اور دونوں بیٹے اس وقت گھر پر موجود تھے لیکن وہ محفوظ رہے۔

Watch Live Public News