دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے،وزیراعظم

دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے،وزیراعظم

(ویب ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے غربت، بے روزگاری کے خاتمے  ، قرضوں سے نجات حاصل کرنے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا    اعادہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج   ہے پہلے نہ تھی،ملک میں  دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، خوارج ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ ہے،ہمارے دشمنوں کے ذریعے انہیں  وسائل پہنچ رہے ہیں،دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے ۔

قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں یہ انتہائی خوش آئندبات ہے کہ قومی پیغام امن کمیٹی ایک ایسا کردار ادا کرنے جا رہی ہے جس کی اس وقت بہت ضرورت ہے، مملکت خداداد پاکستان بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم تحریک کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد وجود میں آئی،تحریک پاکستان میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے کروڑوں مسلمانوں اور اقلیتی برادری نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، تحریک پاکستان میں زندگی کے ہر شعبے کے کروڑوں مسلمانوں اور اقلیتی برادری نے حصہ ڈالا،سیسل چوہدری ،سپریم کورٹ کے سابق  جج رانا بھگوان داس اور اقلیتی برادری کے دیگر ارکان کی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کے لیے بڑی خدمات ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد ایسا خطے کا حصول تھا جہاں اسلام کا بول بالا ہو، پاکستان میں تمام مذاہب کو اپنے طریقوں سے عبادت کرنے اور تہوار منانے کا حق  ہے،ہر پاکستانی کو اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر اپنا مقام پیدا کرنے کا حق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی طرف رواں دواں ہے، قیام پاکستان میں علماء کرام کا بھی بہت اہم کردار  تھا، اللہ تعالی نے پاکستان کو وہ تمام وسائل عطا کیے ہیں جو شاید ہی کسی دوسرے  ملک کے پاس ہوں، اللہ تعالی نے ہمیں کھربوں ڈالر کے قدرتی وسائل عطا کر رکھے ہیں  جن کو ہم استعمال کریں تو ہمارے تمام مسائل ختم ہو جائیں گے، پاکستان کو  صحیح معنوں میں رفاحی مملکت بنائیں گے، قرضوں سے نجات حاصل کرنی ہے ،غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے، یہ کام مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں، اس کےلئے وہ طریقے  اور  اسلوب اختیار کرنے ہوں گے جن کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا تھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں معرکہ حق میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو شکست فاش دی اور ایک ایسا سبق سکھایا جسے وہ رہتی دنیا تک بھلا نہیں پائے گا،یہ فتح اللہ تعالی کی نصرت اور اس کی کمال مہربانی اور افواج پاکستان کی جرأت، اعلی ترین تربیت ، بہترین ٹیکنالوجی اور 24کروڑ عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کی قیادت میں  معر کہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح سے نواز جس پر اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے،وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی  کے خلاف  جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں جن میں عام شہری، مائیں، بہنیں، بچے، ڈاکٹر، انجینئرز، تاجر اور چاروں  صوبوں کے باسی شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے خون سے ملک کی آبیاری کی ہے، افواج پاکستان، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کےکے ہزاروں افسر اور جوان  بھی شہید ہوئے ہیں،انہوں نے  قربانیاں دے کر نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلکہ دیگر ممالک کو بھی بچایا ،آج  دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ،خوارج  ،ٹی ٹی پی اورٹی ٹی اے   کا گٹھ جوڑ  ہے ، ہمارے دشمنوں کے ذریعے انہیں ہر طرح کے وسائل پہنچ رہے ہیں ،جس طرح 2018 میں دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا تھا مجھے مکمل یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی دہشتگردی کا سر کچلا جائے گا،دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے ۔

ان کا کہنا  تھا کہ قومی پیغام  امن کمیٹی میں تمام  مکاتب  فکر کے علماء کرام شامل ہیں ،اللہ تعالی اس کمیٹی کو کامیابیاں عطا کرے،اسلام کا اعلیٰ و  ارفع پیغام  صوبوں میں پہنچائیں ،تدبر، فہم و فراست ،بردباری اور حوصلے کے ساتھ معاملات کو آگے لے کر چلنا ہے۔معاملات کو مل بیٹھ کر طے کرنے کی ضرورت ہے۔

Watch Live Public News