پنجاب میں بارش، آندھی سے 24 اموات، مزید بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب میں بارش، آندھی سے 24 اموات، مزید بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: پنجاب میں بارش، آندھی سے 24 اموات، مزید بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 24 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہو گئے، جب کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں بارش کے دوران گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 35 سالہ رانی، 4 سالہ لطیفہ اور 3 سالہ خدیجہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔

رائیونڈ کی مشن کالونی میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک فرد کو زندہ نکال لیا گیا۔ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

چشتیاں میں چھت گرنے سے ماں بیٹا زخمی ہوئے، پاکپتن میں چھت گرنے کے ایک اور واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ فیصل آباد کے علاقے رچنا ٹاؤن میں خستہ حال چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، تاہم ان کے تین بچے محفوظ رہے۔

حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں بھی چھتیں گرنے کے حادثات پیش آئے جن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ جامشورو میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ رینالہ خورد میں کرنٹ لگنے سے 2 جانیں ضائع ہو گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مرید وال کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں بھی پنجاب کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، اور مون سون کا یہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Watch Live Public News