ویب ڈیسک: امریکی ٹی وی کے معروف اداکار ہال ولیمز، جنہوں نے مقبول ڈراموں 'Sanford and Son' اور 'The Waltons' سمیت متعدد کامیاب پروڈکشنز میں یادگار کردار ادا کیے، 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہال ولیمز بدھ کی صبح امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر طبعی وجوہات کے باعث انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علالت کا شکار تھے۔
ہال ولیمز نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران ٹیلی وژن اور فلم دونوں شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہیں 'Sanford and Son'، 'Private Benjamin'، 'The Sinbad Show' اور 'The Waltons' میں ادا کیے گئے کرداروں کے باعث خاص شہرت حاصل ہوئی۔
کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں ہال ولیمز نے متعدد یادگار کردار نبھائے اور اپنی منفرد اداکاری کے باعث ہالی ووڈ میں ایک باوقار اور باصلاحیت فنکار کے طور پر پہچانے جاتے رہے۔ ان کے انتقال پر شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔