ویب ڈیسک: پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے سے متعلق مداحوں کو خبردار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ عرصے میں کئی بار معروف شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں، ہیکرز ناصرف اکاؤنٹ ہیک کرتے ہیں بلکہ اُن شخصیات کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے اُن کے ہیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فحش مواد بھی پوسٹ کرتے ہیں۔
اس حوالے سے اب عمران عباس نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو پہلے ہی خبردار کردیا ہے، اداکار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پاکستانی اسٹامپ پیپر کی تصویر پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے فحش مواد سے متعلق اظہارِ لاتعلقی کیا۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک خطرناک اور سنگین سلسلہ شروع ہوچکا ہے، خدا نخواستہ! اگر آپ کے ساتھ ایسا ہوا تو آپ کو اپنی صفائی میں کچھ کہنے تک کا موقع بھی نہیں ملے گا۔
اداکار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آپ کے اکاؤنٹ کو ہیک کیا جارہا ہے اور اس پر گستاخانہ فرقہ وارانہ اور فحش مواد شئیر کیا جارہا ہے، ایسی صورتحال میں اگر میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اس طرح کی کوئی غیر اخلاقی یا گستاخانہ پوسٹ یا میسج شئیر ہوتا ہے تو اس سے میرا کسی قسم کا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہوگا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایسا کچھ مواد شیئر ہوتا دیکھیں تو آپ ذاتی طور پر مجھ سے رابطہ کرکے مجھ سے وضاحت طلب کر سکتے ہیں۔