پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کا شاندار سنگِ میل: 9 ماہ میں 2.42 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس

پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کا شاندار سنگِ میل: 9 ماہ میں 2.42 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس
کیپشن: پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کا شاندار سنگِ میل: 9 ماہ میں 2.42 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس

ویب ڈیسک: پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے رواں مالی سال میں شاندار ترقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 ماہ کے دوران 2.42 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کر لیا ہے۔

جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک کی اس مدت میں آئی ٹی اور آئی ٹی ای enabled services (ITeS) کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس سے نہ صرف قومی معیشت کو سہارا ملا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی آئی ٹی ساکھ بھی مستحکم ہوئی۔

اقتصادی جائزے کے مطابق صرف مارچ 2025 کے دوران آئی سی ٹی برآمدات میں 12.1 فیصد اضافہ ہوا، جو 342 ملین ڈالر تک جا پہنچیں۔

اس پیش رفت کا سہرا اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) اور وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کی مؤثر پالیسیوں کو دیا جا رہا ہے، جنہوں نے ملکی آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی۔

آزاد فری لانسرز نے بھی اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جن کی جانب سے ترسیلات 400 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ انسانی وسائل کی بہتری کے لیے حکومت نے ملک بھر میں 6,400 افراد کو جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کی، جبکہ 2,700 انٹرنز کی آئی ٹی کمپنیوں میں تقرری ہوئی، جن میں سے 70 فیصد کو باقاعدہ ملازمتیں مل گئیں۔

مزید برآں، وزارتِ آئی ٹی کے مطابق 15 پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں بین الاقوامی معیار کے ISO سرٹیفکیٹس حاصل کر چکی ہیں، جبکہ بڑے شہروں میں 50 سے زائد سافٹ ویئر پارکس کے قیام کا منصوبہ بھی زیرِ تکمیل ہے، جو آئی ٹی ایکو سسٹم کو مزید مستحکم کرے گا۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ رفتار برقرار رہی تو پاکستان آنے والے برسوں میں عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں ایک بڑا کھلاڑی بن کر ابھر سکتا ہے۔

Watch Live Public News