(ویب ڈیسک ) ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ عدالت نے ملزم عمر حیات کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کیا۔
پراسیکیوشن نے عدالت سے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ پولیس کے مطابق شناخت پریڈ مکمل ہوچکی ہے، جس میں مقتولہ کی والدہ اور پھوپھو نے ملزم کو شناخت کیا۔
پراسیکیوشن نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی کی برآمدگی کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
ملزم عمر حیات نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے موبائل فون پولیس کے حوالے کر دیا ہے، ساتھ ہی عدالت سے میڈیکل کروانے کی درخواست بھی کی، جس پر عدالت نے ملزم کے میڈیکل کا حکم جاری کر دیا۔
ملزم عمر حیات نے کہا کہ اس کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ نہیں ہو سکا اور انہیں یہ نہیں معلوم کہ وکیل کرنا ہے یا نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔