(ویب ڈیسک )انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کے نیشنز کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کو 3-2 سے ہرا دیا۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کو ابتدا میں برتری حاصل ہوئی، لیکن جاپان نے جلد ہی واپسی کرتے ہوئے پہلا کوارٹر اپنے نام کیا۔ پاکستان نے 2-1 کے خسارے سے زبردست کم بیک کرتے ہوئے آخر کار فتح سمیٹی۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں پاکستان کے غضنفر علی نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، لیکن محض ایک منٹ بعد جاپان کے کازوماسا نے گول کر کے اس برتری کو ختم کر دیا۔ اسی کوارٹر میں جاپان کے کوجی یاماسا نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی۔
دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا، مگر کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے رانا وحید اشرف نے گول کرتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
فیصلہ کن چوتھے کوارٹر میں پاکستان کے سفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی، جو آخر تک برقرار رہی۔
سفیان خان کا یہ گول پاکستان کے لیے فتح کا باعث بنا، اور یوں گرین شرٹس نے جاپان کے خلاف 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوا تھا جو 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نیشنز کپ میں اپنا تیسرا گروپ میچ بدھ کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔