پبلک نیوز: لِمز گرین پاکستان انیشیٹیو صحرائے چولستان میں بنجر زمین کو قابل کاشت اور زرخیز بنانے میں کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس انیشیٹیو کا مقصد زراعت اور مویشیوں کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل نظام کا قیام ہے۔ گرین پاکستان انیشیٹیو میں پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، ہر موسم میں علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانا، بجلی کی فراہمی اور زرعی مالز (Agri-Malls) کا قیام شامل ہیں۔
جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے چین سے سمارٹ زرعی مشینری درآمد کی گئی ہے،درآمد شدہ مشینری چین سے شروع ہو کر براستہ خنجراب صحرائے چولستان میں پہنچ کر اپنے کام کا آغاز کر چکی ہے۔
یہ اقدام عالمی طرز عمل کے مطابق مکمل زرعی سائیکل میں کارپوریٹ کاشتکاری کو بڑے پیمانے پر فروغ دے گا۔محدود وسائل کے استعمال سے کثیر پیداوار حاصل کرنا گرین پاکستان انیشیٹیو کا اولین مقصد ہے۔